کینیڈا کا پاکستانیوں کے لیے فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ متعارف
Canada immigration news
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): کینیڈا نے صحت کے شعبے میں پاکستانی ڈاکٹروں سمیت غیر ملکی ڈاکٹروں کے لیے فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔

اس اقدام کے تحت اہل ڈاکٹرز کو صرف14 دن کے اندر ورک پرمٹ جاری کیا جا سکے گا۔

اس پروگرام کا اعلان کینیڈا کی وزیرِ امیگریشن لینا میٹلیج دیاب نے وزیرِ صحت کی پارلیمانی سیکرٹری میگی چی کے ہمراہ کیا۔ حکام کے مطابق یہ پالیسی کینیڈا کے دباؤ کا شکار ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے اور اس کا مقصد مختلف صوبوں اور علاقوں کے اسپتالوں اور کلینکس میں فوری عملے کی کمی کو پورا کرنا ہے۔

نئے فریم ورک کے تحت وہ غیر ملکی تربیت یافتہ ڈاکٹرز جو درست ملازمت کی پیشکش حاصل کریں اور کسی صوبے یا علاقے کی نامزدگی حاصل کر لیں، فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ کے اہل ہوں گے۔ یہ پرمٹس ڈاکٹروں کو اس دوران کینیڈا میں کام شروع کرنے یا جاری رکھنے کی اجازت دیں گے جب ان کی مستقل رہائش (PR) کی درخواست زیرِ غور ہو گی۔

طویل مدتی طور پر ڈاکٹروں کو برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت نے پروونشل نومینی پروگرام کے تحت لائسنس یافتہ ڈاکٹروں کے لیے 5,000 اضافی مستقل رہائش کی نشستیں بھی مختص کی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اُن ڈاکٹروں کو کینیڈا میں روکنے میں مدد ملے گی جو پہلے ہی صحت کے نظام میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر

اس کے علاوہ حکومت نے 2026 کے اوائل میں ڈاکٹروں کے لیے ایک مخصوص ایکسپریس انٹری کیٹیگری متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے جس میں کم از کم ایک سال کا حالیہ کینیڈین کام کا تجربہ رکھنے والے ڈاکٹروں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ مستقل رہائش کا عمل مزید آسان بنایا جا سکے۔

حکام نے زور دیا کہ یہ پالیسی دنیا بھر سے ماہر طبی پیشہ ور افراد کو راغب کر کے کینیڈا کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔