تمام مساجد میں جمعہ کی نماز کا یکساں وقت مقرر
UAE unified Friday prayer time
فائل فوٹو
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ملک بھر کی مساجد کیلئے تاریخی اور یکساں نظام نافذ کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت اب پورے یو اے ای میں جمعہ کی نماز اور خطبہ ایک ہی وقت پر ادا کیا جائے گا۔

اماراتی جنرل اتھارٹی آف اسلامی امور نے اس فیصلے کی باضابطہ توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ نیا نظام 2 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ اب تمام مساجد میں جمعہ کا خطبہ اور نماز 12 بجکر 45 منٹ پر باجماعت ادا کی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد یو اے ای کی مختلف امارات میں رائج مختلف اوقات کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دبئی اور ابوظہبی میں جمعہ کی نماز عام طور پر 1:30 بجے جبکہ شارجہ اور شمالی امارات میں 12:30 بجے کے قریب ادا کی جاتی تھی، نئے شیڈول کے نفاذ سے پورے ملک میں ایک مضبوط، منظم اور یکساں نظام قائم ہوگا۔

اماراتی جنرل اتھارٹی آف اسلامی امور کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد نماز جمعہ کے نظام کو بہتر بنانا، انتظامی ہم آہنگی پیدا کرنا اور ملک بھر میں مذہبی امور کو یکساں بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی شہزادہ مشعل بن بدر بن سعود کی والدہ انتقال کر گئیں

 

 

 

اتھارٹی نے عبادت گزاروں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ وقت کی بھرپور پابندی کریں اور نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے بروقت مساجد کا رخ کریں تاکہ کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

اتھارٹی کے مطابق متحدہ نظام کے بعد مساجد میں انتظامات مزید بہتر ہوں گے، عوام کو ایک منظم مذہبی شیڈول فراہم کیا جائے گا جو ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔