مقامی میڈیا کے مطابق حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی سب سے اہم اور تاریخی کانوں میں سے ایک شادان سونے کی کان میں نیا اور بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔
یہ کان جنوبی خراسان کے علاقے میں واقع ہے، ایران کی وزارتِ صنعت، معدن و تجارت نے اس دریافت کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔
حکام کے مطابق سونے کا یہ ذخیرہ رگوں کی شکل میں سامنے آیا ہے، جیسے ایک بڑی طلائی رگ زمین کے اندر پھیلی ہو۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس ذخیرے میں تقریباً 7.95 ملین ٹن آکسائیڈ سونا اور 53.1 ملین ٹن سلفائیڈ سونا موجود ہے، جو ایران کی سونے کی پیداوار میں ایک بڑا اضافہ ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چینی یونیورسٹی کا پاکستانی طلباء کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان
واضح رہے کہ ایران میں اس وقت 15 فعال سونے کی کانیں موجود ہیں جن میں ملک کی سب سے بڑی کان زرشوران شمال مغرب میں واقع ہے۔ سونا ایرانی شہریوں کیلئے ہمیشہ سے محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، خاص طور پر ایسے حالات میں جب ڈالر کے مقابلے میں ریال کی قدر مسلسل کم ہو رہی ہے اور مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بڑے ذخیرے کی دریافت نہ صرف ملکی معیشت کیلئے فائدہ مند ہوگی بلکہ ایران کی معدنی صنعت کو بھی نئی سمت دے سکتی ہے۔