امدادی سامان سے بھرا طیارہ گر کر تباہ، 3 اہلکار ہلاک
South Sudan plane crash
فائل فوٹو
جوبا: (ویب ڈیسک) جنوبی سوڈان کی ریاست یونٹی میں ایک افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا جہاں بین الاقوامی فلاحی تنظیم کا امدادی سامان لے جانے والا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے کے نتیجے میں عملے کے تینوں ارکان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ طیارہ ناری ایئر کے زیرِ انتظام تھا اور تقریباً دو ٹن خوراک لے کر جوبا سے روانہ ہوا تھا۔ اس امدادی سامان کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک فوری ریلیف پہنچانا تھا، تاکہ متاثرین کو بنیادی ضروریات فراہم کی جاسکیں۔

فلاحی تنظیم کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے، نہایت افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ طیارے کے تمام تینوں عملے کے افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نمائندے نے اسے تنظیم کیلئے ایک بڑا سانحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ عملہ مشکل حالات میں بھی انسانی جانیں بچانے کے مشن پر کام کر رہا تھا۔

حادثہ منگل کی صبح تقریباً 8 بجے پیش آیا، جب طیارہ لیر ایئر اسٹرپ سے تقریباً 20 کلومیٹر دور ضلع لیر میں گر کر تباہ ہوا۔ یہ علاقہ سوڈان کی سرحد کے قریب واقع ہے جہاں موسم اور زمینی حالات اکثر پروازوں کیلئے چیلنج بن جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی ائیر فورس کا طیارہ گر کر تباہ

واقعہ کے بعد ناری ایئر سے رابطہ کی کوشش کی گئی، تاہم کمپنی کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

مقامی انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ فلاحی ادارے اور عالمی تنظیمیں اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کر رہی ہیں۔