لاہور: بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کے لیے لیسکو کا اہم فیصلہ
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا۔

لیسکو ترجمان نے بتایا ہے کہ سموگ اور دھند کے موسم کے لیے جدید فوگ ٹائپ ڈیسک انسولیٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انسولیٹرز کی خریداری کا مقصد ہوا میں نمی اور گرد و غبار کے باعث بریک ڈاؤن سے سسٹم کو محفوظ بنانا ہے۔

ترجمان کے مطابق فوگ ٹائپ ڈیسک انسولیٹرز ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں ٹرپنگ کے واقعات میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوں گے، نئے انسولیٹرز کی بلا تعطل تنصیب سے سسٹم کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کی تنصیب سے دھند یا سموگ کے دوران بجلی کی ترسیل متاثر نہیں ہو گی۔

ذہن نشین رہنے کہ سردیوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں شدید دھند اور سموگ کے سبب بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، دھند کے باعث فضا میں نمی سے ٹرانسمیشن لائنوں پر گرد جم جاتی ہے جس کے نتیجے میں بریک ڈاؤن، ٹرپنگ اور لائن فالٹ عام ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر سالانہ مینٹی ننس کا شیڈول جاری

لیسکو کے مطابق گزشتہ برسوں میں دھند کے سیزن کے دوران ہزاروں صارفین کو گھنٹوں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے گھریلو امور، کاروبار اور صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوتی تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فوگ ٹائپ ڈیسک انسولیٹرز کی تنصیب سے لائنوں پر نمی اور آلودگی کا اثر کم ہو جائے گا جس کے نتیجے میں سردیوں کے دوران ہونے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئے گی۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنائے گا بلکہ موسم سرما میں شہریوں کو بار بار ہونے والے بریک ڈاؤن سے بھی نجات دلائے گا، اور تکنیکی خرابیوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔