ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے شٹ ڈاؤن کی باضابطہ درخواست واٹر کارپوریشن کو ارسال کر دی گئی ہے، دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر سالانہ مینٹی ننس کا کام کل 27 نومبر بروز جمعرات کو انجام دیا جائے گا۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق مینٹی ننس کے کام کا دورانیہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک رکھا گیا ہے، کے الیکٹرک کا شٹ ڈاؤن مجموعی طور پر 12 گھنٹے طویل ہو گا، اس دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے متعدد فیڈرز پر بجلی جزوی طور پر معطل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی سستی، فی یونٹ کتنے کا ہو جائے گا؟
ترجمان کے مطابق دھابیجی اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی میں تقریباً 100 ملین گیلن کمی متوقع ہے، دھابیجی بندش سے لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، ڈی ایچ اے، چنیسر ٹاؤن، جناح ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہو گی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ شہر کو یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، پانی کی مجموعی فراہمی میں کمی کے باوجود 550 ملین گیلن یومیہ فراہمی برقرار رہے گی۔