وزارتِ انسانی وسائل و امارات کاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ چھٹیاں قومی دن کی تقریبات کے سلسلے میں دی جا رہی ہیں، تاکہ ملازمین اس تاریخی دن کو بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں۔
امارات میں ہفتہ وار چھٹی ہفتہ اور اتوار کو ہوتی ہے، اس لیے قومی دن کی تعطیلات ملنے کے بعد نجی اور سرکاری دونوں شعبوں کے ملازمین کے لیے کل چار روزہ بریک بن جائے گا۔ یعنی ملازمین جمعہ کو کام کے بعد مسلسل 4 دن کی چھٹیاں انجوائے کر سکیں گے۔ اس فیصلے نے نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ تارکین وطن کارکنوں کے چہروں پر بھی خوشیاں بکھیر دی ہیں، جو عام طور پر طویل کام کے شیڈول کے سبب اضافی چھٹیوں کا خاص انتظار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی شہزادی انتقال کرگئیں
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا قومی دن ہر سال 2 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن عرب دنیا کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ 2 دسمبر 1971 کو امارات کی مختلف ریاستیں، ابوظبی، دبئی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ اور فجیرہ پس میں متحد ہو کر ایک وفاقی ملک کی شکل میں سامنے آئیں۔ انہی سات ریاستوں کے اتحاد کو آج دنیا متحدہ عرب امارات کے نام سے جانتی ہے۔
قومی دن کے موقع پر پورے امارات میں سرکاری تقریبات، آتش بازی، محفلیں، پریڈز، ثقافتی شو اور مختلف کمیونٹی ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ بڑے بڑے شاپنگ مالز، تفریحی مقامات اور سیاحتی مراکز خصوصی ڈسکاؤنٹس اور فیسٹیول آفرز متعارف کرواتے ہیں، جس سے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ لاکھوں سیاح بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔
چھٹیوں کے اعلان کے بعد متحدہ عرب امارات میں ہوٹل، ریزورٹس اور ٹریول انڈسٹری میں بھی سرگرمی بڑھنے کی توقع ہے، کیونکہ عوام ان دنوں میں خاندانوں کے ہمراہ مختصر سفری منصوبے بناتے ہیں۔ دوسری جانب، کاروباری حضرات اور مزدور طبقے کے لیے بھی یہ وقفہ جسمانی اور ذہنی طور پر تازگی کا ذریعہ بنے گا۔