ترکیہ کا ملٹری کارگو طیارہ حادثے کا شکار، ہلاکتوں کا خدشہ
ترک فوجی کارگو طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
فائل فوٹو
استنبول: (سنو نیوز) ترک فوجی کارگو طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ واپس آ رہا تھا جو جارجیا آذربائیجان سرحد پر حادثے کا شکار ہوا، تباہ ہونے والے طیارے میں پائلٹ سمیت عملے کے 20 افراد سوار تھے جبکہ طیارے کے ملبے کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ترکیہ کی وزارت دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں بتایا گیا کہ جیورجیا کے حکام کے تعاون کے ساتھ ریسکیو اور طیارے کے ملنے کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی کا گودی میڈیا پاکستان مخالف پراپیگنڈا مہم سے باز نہ آیا

ترک وزیرداخلہ علی یرلیکیا نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جارجین ہم منصب سے رابطہ ہوا اور طیارہ حادثے پر گفتگو ہوئی ہے، جارجین وزیر داخلہ بذات خود جائے حادثہ پر جا رہے ہیں۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی حادثے کے شکار طیارے کی تلاش اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ، عوام الناس سے گزارش ہے اس حوالے سے مصدقہ خبروں کے لیے حکام کی جانب سے جاری کردہ معلومات پر یقین کریں اور غیرمصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔