بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کے لال قلعہ میٹرو سٹیشن کے قریب کار میں دھماکہ سی این جی سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا جس سے قریبی گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی علاقوں تک اس کی گونج سنائی دی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ دہلی فائر بریگیڈ کو شام 6 بج کر 55 منٹ پر دھماکے سے متعلق کال موصول ہوئی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کے سات گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کے بعد 6 گاڑیاں اور 3 رکشے آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا، دھماکے میں ہلاک ہونے والے 9 افراد کی لاشوں اور 15 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کی تیاری
رپورٹس میں بتایا گیا کہ لال قلعہ دھماکے کے بعد دہلی پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا، دھماکے کے بعد بھارتی ریاست اترپردیش میں بھی ہائی الرٹ کردیا گیا۔
اترپردیش پولیس حکام کے مطابق تمام سکیورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ اترپردیش کے تمام مذہبی مقامات کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے،اترپردیش کے تمام اضلاع کی پولیس ہائی الرٹ ہے۔