کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپاورمنٹ پراجیکٹ (کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک روڈ 10 نومبر سے 30 دسمبر تک بند رہے گا، روڈ کی بندش کی وجہ کے فور منصوبے کے تحت پانی کی لائنیں بچھانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کے فور منصوبے کے تحت یونیورسٹی روڈ پر 2 اعشاریہ 7 کلومیٹر تک پانی کی لائنوں کا نیٹ ورک بچھایا جا رہا ہے، آگمین ٹیشن پلان کے پہلے مرحلے میں نیپا چورنگی سے لے کر وفاقی اردو یونیورسٹی تک لائنیں بچھانے کا کام ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہیوی ٹریفک کیلئے مختلف روٹس بند، اعلامیہ جاری
کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی حکام کے مطابق دوسرے مرحلے میں حسن اسکوائر سے لے کر نیپا چورنگی تک کام کیا جائے گا، کے فور فراہمی آب منصوبے کے ترقیاتی کام کے دوران 96 انچ اور 72 انچ کی لائنیں ڈالی جائیں گی۔
حکام کا اس حوالے سے مزید بتانا ہے کہ کے فور منصوبے کے تحت پانی کی لائنیں بچھانے کے لئے 30 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، ترقیاتی کام کے دوران متبادل راستے کے طور پر ٹریفک کو نیپا چورنگی سے الہ دین پارک کی طرف موڑا جائے گا۔