ہیوی ٹریفک کیلئے مختلف روٹس بند، اعلامیہ جاری
heavy vehicles ban
فائل فوٹو
کراچی: (اشرف خان) کمشنر کراچی نے شہر میں بڑھتے ٹریفک دباؤ اور عوامی شکایات کے پیش نظر ہیوی ٹریفک کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

فیصلے کے مطابق کراچی کے مختلف اہم روٹس پر ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صائمہ پاری، روفی گلوبل سٹی سپر ہائی وے سے ملیر ہالٹ تک جناح ایوینیو کو ہیوی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور حادثات کی روک تھام کیلئے کیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی کے مطابق جناح ایوینیو پر پابندی کے دوران متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں، کاٹھوڑ سپر ہائی وے سے سسئی پلازہ نیشنل ہائی وے تک راستہ ہیوی ٹریفک کیلئے کھلا رہے گا تاکہ نقل و حرکت متاثر نہ ہو۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ یہ پابندی 2 ماہ کے لیے ہوگی، جس کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی گاڑیاں مخصوص علاقوں میں داخل نہیں ہو سکیں گی، رات 10 بجے کے بعد ہیوی ٹریفک کو مقررہ روٹس سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: ٹرین سروس4 دن کے لیے معطل

ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیوی وہیکلز کے مالکان اور ڈرائیورز سے اپیل کی گئی ہے کہ نئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام اور حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی کا یہ فیصلہ شہر میں ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔