ظہران ممدانی نے واشنگٹن کا احترام نہ کیا تو کامیابی ممکن نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
Donald Trump statement
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومنتخب نیویارک میئر ظہران ممدانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واشنگٹن کا احترام نہیں کریں گے تو ان کی کامیابی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے نئے میئر کو ملاقات کا مشورہ دیا ہے، میں چاہتا ہوں کہ وہ کامیاب ہوں، فیصلوں کی منظوری دینا میری ذمہ داری ہے، میئر نیویارک کو میرے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا ہوگا۔

اسی دوران بزنس فورم سے خطاب میں ٹرمپ نے ظہران ممدانی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات کمیونسٹ نظریات سے ملتے جلتے ہیں، اگر انہوں نے یہی روش جاری رکھی تو لوگ نیویارک چھوڑ کر فلوریڈا اور میامی چلے جائیں گے۔

ٹرمپ نے انٹرویو میں پاک بھارت جنگ رکوانے کا بھی تذکرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے دہانے پر تھے، سات یا آٹھ طیارے گر چکے تھے، میں نے کہا کہ اگر جنگ نہ رکی تو میں تجارت بند کر دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ میں تاریخ رقم، غزالہ ہاشمی پہلی مسلم خاتون لیفٹیننٹ گورنر منتخب

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکہ جوہری طاقت میں دنیا کا نمبر ون ملک ہے، روس دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہیں، تاہم چار سے پانچ سال میں چین ہمارے برابر آ سکتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا دیکھنا یہ ہے کہ تخفیفِ اسلحہ کا منصوبہ تینوں ممالک کے درمیان کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔