بس کو خوفناک حادثہ، شعلوں نے 30 زندگیاں نگل لیں
Yemen bus accident
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب سے یمن جانے والی مسافر بس کو جنوبی یمن کے صوبے ابین میں المناک حادثہ پیش آیا، جس نے پل بھر میں 30 قیمتی جانیں نگل لیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا حادثہ العرقوب شاہراہ پر اُس وقت پیش آیا جب جدہ سے آنے والی مسافر بس کی فوکسی برانڈ کی ایک کار سے خوفناک ٹکر ہوئی، تصادم اتنا شدید تھا کہ بس میں فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی اور چند ہی لمحوں میں شعلوں نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا، درجنوں افراد مدد کیلئے چیختے رہے، مگر دیکھتے ہی دیکھتے وہ جل کر راکھ بن گئے۔ اس دلخراش واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:موٹرسائیکل پر 6 بچوں کے ساتھ سفر پر 22 ہزار روپے کا چالان

بس میں 42 مسافر سوار تھے، جن میں سے صرف 5 افراد کو زندہ نکالا گیا جبکہ 7 خوش قسمت مسافر حادثے سے کچھ دیر پہلے ایک اسٹاپ پر اتر گئے تھے۔

امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔

یمنی ٹریفک پولیس نے واقعے کی تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں، تاحال حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی شناخت نہیں ہو سکی۔