مسجد الحرام کے اطراف کبوتروں کو دانا کھلانے پر پابندی،وجہ سامنے آگئی
Saudi pigeon feeding ban
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت مقدس سیکرٹریٹ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اطراف کبوتروں کو دانا ڈالنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اطراف میں موجود کبوتروں کو دانا ڈالنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک ہزار سعودی ریال جرمانہ کیا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شہریوں اور زائرین کی بڑی تعداد کبوتروں کو دانا ڈالنے کی عادت رکھتی ہے، جس کے باعث ان مقامات پر پرندوں کی بہتات، گندگی اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات پیدا ہو گئے تھے۔

محکمہ صحت اور ماحولیاتی حکام کے مطابق کبوتر اکثر جراثیم اور بیماریاں پھیلانے کا ذریعہ بنتے ہیں، جو زائرین کی صحت کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔

سعودی حکام نے بتایا کہ اس نئی پالیسی کے نفاذ کیلئے نگرانی کے مستقل پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں اور اگر ممکن ہو تو شواہد کے طور پر تصاویر یا ویڈیوز بھی فراہم کریں تاکہ قانون کا مؤثر نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:عمرہ کےخواہشمند افراد کی سنی گئی،سعودی عرب کا بڑااعلان

میونسپل حکام نے واضح کیا کہ یہ پابندی خاص طور پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے گردونواح میں نافذ ہوگی، جہاں کبوتروں کی بڑی تعداد شہریوں کے دانا ڈالنے کے باعث جمع ہوتی تھی۔ ان علاقوں میں صفائی کے معیار کو بلند رکھنے، بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے یہ قدم انتہائی ضروری سمجھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ فیصلہ حکومت کے ان سلسلہ وار اقدامات میں سے ایک ہے جو مقدس شہروں میں نظم و ضبط، صفائی اور صحت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔