نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب کیسے ہو گا؟ طریقہ سامنے آگیا
 نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب کیسے ہوگا؟ طریقہ کار منظر عام پر آگیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب کیسے ہوگا؟ طریقہ کار منظر عام پر آگیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اپنا استعفیٰ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو ارسال کریں گے، گورنر استعفے کی سمری پر 48 گھنٹوں میں دستخط کرکے استعفے کی منظوری دیں گے،استعفیٰ منظور ہونے پرخیبر پختونخوا کی کابینہ بھی تحلیل ہو جائے گی۔

وزراعلیٰ کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کی توثیق کی جائے گی، نامزد وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے سپیکر کی جانب سے اسمبلی اجلاس طلب کیا جائے گا، اسمبلی اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے نامزد وزیراعلیٰ کو اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے 145 اراکین کے ایوان میں اکثریت کے لئے نامزد وزیراعلیٰ کو 73 اراکین کی حمایت درکار ہو گی، پی ٹی آئی کو ایوان میں 90 سے زائد اراکین کی اکثریت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور آج رات ہی اپنا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھیجیں گے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے علی امین گنڈاپور کا بطور وزیر اعلیٰ استعفی منظور کرنے کے بعد کابینہ بھی تحلیل کر دی جائے گی ۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو خط لکھیں گے ،مقررہ وقت میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نئے قائد ایوان کے چناؤ کے لیے خصوصی اجلاس طلب کریں گے۔