وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا مستعفی ہونے کا فیصلہ
 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزارت اعلیٰ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی امانت تھی، ان کے حکم کے مطابق ان کی امانت ان کو واپس کر کے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کابینہ ارکان کو اسلام آباد خیبرپختونخوا ہاؤس طلب کر لیا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور موجودہ صورتحال پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیں گے، پارٹی قیادت بھی خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچ رہی ہے۔

وزیراعلی کے استعفے کے بعد 35 رکنی خیبر پختونخوا کابینہ تحلیل تصور ہوگی، آئین کے مطابق اسپیکر کے پی اسمبلی مقررہ وقت پر وزیراعلیٰ کے چناؤ کےلیے اجلاس بلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان اکرم راجہ کی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کی تصدیق

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سہیل خان آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا ہے، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو ہٹانے اور سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنائے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

نامزد وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی کون ہیں؟

خیال رہے کہ سہیل آفریدی صوبے کی تاریخ میں پہلی بار قبائلی ضلع سے وزیراعلیٰ نامزد ہوئے ہیں۔

رکن خیبرپختونخوا اسمبلی سہیل آفریدی کاتعلق ضلع خیبر سے ہے،سہیل آفریدی 12 جولائی 1989 کو ضلع خیبر میں پیدا ہوئے، انہوں نے نے بی ایس سی اکنامکس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

محمد سہیل آفریدی سال 2024 میں پہلی بار خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے انہوں نے فروری 2024 کے عام انتخابات میں صوبائی حلقہ پی کے 70 خیبر ٹو سے کامیابی حاصل کی۔

سہیل آفریدی نے آزاد حیثیت سے 2024 کے انتخابات میں حصہ لیا ، الیکشن میں کامیابی کے بعد وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے، رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات مقرر ہوئے۔

بعدازاں حالیہ کابینہ رد و بدل میں سہیل آفریدی کو فل وزیر بنا کر محکمہ اعلیٰ تعلیم کا قلمدان تفویض کیا گیا تھا۔