
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹایا جا رہا ہے، سہیل خان آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کا اشارہ دے دیا ہے، علی امین گنڈاپور کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب علی امین گنڈاپور نے بانی تحریک انصاف کے فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستند اطلاعات نہیں ملیں پھر کیسے عہدہ چھوڑوں ، پہلے یہ دیکھیں یہ افواہ اٹھی کہاں سے اور کس کے کہنے پر اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں: ممکنہ نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کون ہیں؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف براہ راست مجھے کہیں تب فیصلہ من وعن تسلیم کروں گا ۔
قبل ازیں سہیل خان آفریدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میڈیا سے خبر ملی مجھے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے نامزد کیا گیا ہے،پارٹی قیادت سے مجھے کوئی معلومات نہیں ملیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کے حوالےسے کوئی پتا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبہ بہتری کی طرف گامزن ہے،وزیر اعلی تبدیلی کے حوالے سے خبریں جھوٹ و بے بنیاد ہیں۔