کیا آپ جانتے ہیں کہ جینز کی جیبوں کے کناروں پر بٹن کیوں ہوتے ہیں؟
jeans rivet purpose
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ جینز کی جیبوں کے کناروں پر لگے یہ چھوٹے دھاتی بٹن آخر کیوں ہوتے ہیں؟ عام طور پر لوگ انہیں محض فیشن کا حصہ سمجھا جاتا ہے، مگر حقیقت اس سے کہیں زیادہ دلچسپ ہے۔

یہ بٹن دراصل جینز کے اُن حصوں پر لگائے جاتے ہیں جہاں کپڑے پر سب سے زیادہ دباؤ پڑتا ہے، تاکہ جینز پھٹنے یا خراب ہونے سے محفوظ رہے۔ ان بٹنوں کو ریفٹ (Rivet) کہا جاتا ہے، جو جینز کی مضبوطی اور پائیداری کی علامت بن چکے ہیں۔

جینز کی ایجاد کی کہانی 1870ء کی دہائی سے جڑی ہے، جب امریکی مزدور طبقہ سخت محنت کے دوران جینز پہنا کرتا تھا جو جلدی پھٹ جاتی تھی۔ ایک مزدور کی بیوی نے درزی جیکب ڈیوس سے شکایت کی کہ ان کے شوہر کی پینٹ اکثر پھٹ جاتی ہے، جس پر ڈیوس نے جینز کے کمزور حصوں پر دھاتی بٹن لگانے کا منفرد خیال پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایس ایم ایس فراڈ سے متعلق گوگل کی صارفین کو وارننگ

یہ نیا ڈیزائن اتنا مقبول ہوا کہ ڈیوس نے کاروباری شخصیت لیوی اسٹراس کے ساتھ شراکت داری کی اور 1873ء میں اسے باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کروا لیا۔

وقت گزرتا گیا اور یہی جینز مزدوروں کے لباس سے نکل کر دنیا بھر میں فیشن کا لازمی حصہ بن گئی۔ 1960ء کی دہائی میں جینز عالمی فیشن انڈسٹری کا اہم رجحان بن گئی اور آج بھی یہ ریفٹ بٹن اس تاریخی ایجاد کی مضبوطی اور جدت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔