روس کا دوست ممالک کو فری ویزا دینے کا اعلان
Russia visa free policy
فائل فوٹو
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے اور دوستانہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے اہم قدم اٹھا لیا۔

روسی حکومت نے چین، سعودی عرب اور ملائیشیا کے شہریوں کیلئے فری ویزا سہولت متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن کی زیرِ صدارت سیاحت سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ان تینوں ممالک کے شہریوں کو مستقبل قریب میں روس کیلئے ویزا کے بغیر سفر کی اجازت ہوگی۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدام باہمی تعلقات کے فروغ اور سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ چین نے پہلے ہی 15 ستمبر سے روسی شہریوں کو ایک سال کیلئے ویزافری داخلے کی اجازت دے دی تھی۔

روس نے اس سے قبل جولائی میں سعودی عرب کے ساتھ ویزا فری پالیسی پر اتفاق کیا تھا جبکہ مارچ میں ملائیشیا کے ساتھ اس سہولت کو حتمی مراحل میں قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:جنگی ڈرون کی ایکسپورٹ میں ترکیہ چین اور امریکا پر بازی لے گیا

روسی حکام کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف سیاحتی آمدنی میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ ان ممالک کے شہریوں کے درمیان تجارتی اور ثقافتی روابط کو بھی مزید مضبوط کرے گا۔

یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ روس عالمی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے اور سیاحت کو نئی سمت دینے کیلئے پرعزم ہے۔