حماس کو ہر صورت غزہ پر کنٹرول چھوڑنا ہو گا: ٹرمپ
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس کو ہر صورت غزہ پراقتدار اور کنٹرول چھوڑنا ہو گا۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس کو ہر صورت غزہ پراقتدار اور کنٹرول چھوڑنا ہو گا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اقتدار سے علیحدگی پر انکار کی صورت میں حماس کو مکمل خاتمے کا سامنا کرنا ہو گا، جنگ بندی معاہدے کو قبول کرنا ہی حماس کیلئے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے انکار پر وقت ہی نتائج کا فیصلہ کرے گا، اسرائیلی وزیراعظم غزہ پر حملے روکنے کو تیار ہے، پوری امید ہے جنگ بندی معاہدہ جلد ایک حقیقت بن جائے گا، معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ سے ابتدائی انخلا کیلئے تیار ہے، وائٹ ہاؤس صرف حماس کے فیصلے کا منتظر ہے، حماس کی رضامندی پر جنگ بندی پر فوری عمل درآمد شروع ہو جائے گا، جنگ بندی کے فوری بعد قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ شروع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا حماس کو غزہ معاہدے پر دستخط کیلئے 5 اکتوبر تک کا الٹی میٹم

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حماس نے اگر معاہدے کو قبول نہیں کیا تو ایسی کارروائی ہوگی جو کسی نے پہلے نہیں دیکھی ہوگی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں حماس کو واضح تنبیہ کی اور کہا کہ معاہدے پر دیگر ممالک دستخط کر چکے ہیں، حماس معاہدہ نہیں کر سکا تو اس کو سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے، معاہدہ کرنے سے حماس کے مزاحمت کاروں کی بھی جان بچ جائے گی۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ بےگناہ فلسطینی غزہ شہر کو خالی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔