فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی
فلپائن میں آنے والے 6 اعشاریہ 9 شدت کے خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 27 تک جا پہچی
فلپائن میں آنے والے 6 اعشاریہ 9 شدت کے خوفناک زلزلے نے تباہی مچائی/ فائل فوٹو
منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں آنے والے 6 اعشاریہ 9 شدت کے خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 27 تک جا پہچی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے باعث باسکٹ بال میچ کے دوران اسپورٹس کمپلیکس گرگیا، 27 افراد ہلاک جبکہ 140 سے زائد زخمی ہوگئے، مزید ہلاکتوں کا امکان ہے۔ زلزلے کے بعد شہروں کی بجلی منقطع ہوگئی اور کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، جن میں ایک سو سال سے زائد پرانا چرچ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی حماس کو غزہ جنگ بندی منصوبے پر جواب کیلئے ڈیڈ لائن

رات دس بجے آنے والے زلزلے سے متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز فلپائن کے علاقے پالمپون کے مغرب میں تھا، زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تعلیمی اداروں کی عمارتیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔
ایک امریکی اخبار نے فلپائنی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں 4 عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، اس کے علاوہ 3 سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ متاثرہ علاقے میں 6 پلوں اور ایک سڑک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
زلزلے کے متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن میں سب سے طاقتور 6 شدت کا تھا۔ تاہم اس زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔