اسرائیلی وزیراعظم نے دوحہ حملے پر قطر سے معافی مانگ لی
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے قطری وزیراعظم سے دوحہ پر حملے کی معافی مانگ لی۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے قطر ی وزیراعظم سے دوحہ پر حملے کی معافی مانگ لی۔

خبررساں ایجنسی نے اسرائیلی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلئے وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں نیتن یاہو نے قطر ی وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دوحہ حملے پر معافی مانگی۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے قطر حملے میں قطری شہری کی شہادت پر افسوس کا اظہار بھی کیا، امیر قطر نے صرف چند منٹ ہی اسرائیلی وزیراعظم سے گفتگو کی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد قطر نے مذاکرات میں ثالِثی سے انکار کر دیا تھا کیونکہ دوحہ میں یہ حملہ حماس کے کئی اہم رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، امیر قطر

یاد رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطری دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مرکزی دفتر پر فضائی حملہ کیا تھا، جس میں حماس رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت تنظیم کے پانچ ارکان اور ایک قطری سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔

حماس نے اس حملے کے حوالے سے بتایا کہ اس کا ہدف تنظیم کی اعلیٰ قیادت تھی، تاہم تمام رہنما محفوظ رہے، حملے کے وقت حماس کی قیادت امریکا کی طرف سے پیش کیے گئے غزہ جنگ بندی منصوبے پر غور کر رہی تھی۔