دوحا میں عرب اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس طلب
Arab Islamic leaders meeting
فائل فوٹو
دوحا: (ویب ڈیسک) قطر کے دارالحکومت دوحا میں آج عرب اور اسلامی ممالک کا ہنگامی سربراہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔

یہ اجلاس پاکستان کی معاونت سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا بنیادی ایجنڈا اسرائیل کے فضائی حملے اور فلسطین کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر اہم فیصلے کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت، حکومت اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کی سطح پر تیاری اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔

پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور قطر سمیت دیگر ریاستوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کے خواہاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کو سخت اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے : قطری وزیر اعظم

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 11 ستمبر کو بھی دوحا کے دورے پر گئے تھے، جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات میں پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔

بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق آج ہونے والا یہ ہنگامی اجلاس خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، جس سے فلسطین کے مسئلے پر مسلم دنیا کا مشترکہ مؤقف سامنے آنے کی توقع ہے۔