
قطر پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف عرب اور اسلامی ممالک کا دوروزہ ہنگامی اجلاس جاری ہے جس میں نائب وزیر اعظم پاکستان اسحاق ڈار سمیت مسلم امہ کے رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قطر ی وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کا کہنا تھا کہ دوحہ پر حملہ کر کے اسرائیل نے ریاستی دہشت گردی کی، اسرائیل کو سخت اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے عالمی برادری دوہرے معیار کو ترک کرے ، دنیا کو اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: قطری وزیراعظم کی واشنگٹن روانگی، صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات متوقع
قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے کے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا، اسرائیلی حکومت مسلسل ایک کے بعد ایک جنگ بندی تجویز مسترد کر رہی ہے، اسرائیلی حکومت جان بوجھ کرجنگ کادائرہ خطے کے دیگر ممالک تک پھیلارہی ہے اور اسرائیلی اقدامات غزہ جنگ بندی کیلئے ہماری ثالِثی کی کوششوں کونہیں روک سکتے۔
سیکرٹری جنرل عرب لیگ نے بھی دوحہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قطر پر حملہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی ہے، غزہ میں جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی نے اسرائیل کو مزید جرائم پر اکسایا ۔
نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی امن کے لیے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے، قطر پر اسرائیلی جارحیت ناقابلِ جواز اور افسوسناک ہے، اسرائیل کو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔