
رپورٹس کے مطابق اس المناک حادثے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوئے، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ ایوینیڈا دا لیبرداد کے قریب پیش آیا، جہاں لزبن کی مشہور گلوریا فنیکیولر (کیبل ٹرین) پٹری سے اتر کر ایک قریبی عمارت سے جا ٹکرائی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹریک پر نصب کیبل اچانک ٹوٹ گئی، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوئی۔
لزبن کے میئر کارلوس موئیداس نے اس سانحے کو شہر کیلئے ایک المناک لمحہ قرار دیا ہے۔
پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو دی سوزا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلہ وان ڈیر لائن نے بھی ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خوفناک کشتی حادثے میں 60 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کچھ غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، تاہم ان کی قومیتوں کے بارے میں تاحال وضاحت نہیں کی گئی۔
حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ لزبن کا فنیکیولر ٹرین سسٹم 1885 سے چل رہا ہے، یہ نہ صرف آمدورفت کا ذریعہ بلکہ سیاحتی ورثہ بھی تصور کیا جاتا ہے۔
اس حادثے نے شہر کو گہرے صدمے اور سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔



