پنجاب حکومت نے آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کردیں، نوٹیفکیشن جاری
 پنجاب حکومت نے آٹے کے 10 اور 20 کلو کے تھیلے کی نئی قیمتیں مقرر کردیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے آٹے کے 10 اور 20 کلو کے تھیلے کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

صوبائی وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں بتایا کہ پنجاب حکومت نے آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 905 روپے مقرر کردی ہے ،20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک ہزار 810 روپے مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے، سیلاب کی آڑ میں قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس حوالے سے پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے آٹے اور روٹی کی قیمتوں کی نوٹیفکیشن بھی شیئر کر دیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں سامنے آئی تھیں، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث بھی اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.62 فیصد اضافے سے بڑھ کر 3.57 فیصد تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق سیلاب کے باعث رسد متاثر ہونے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔