بیان کے مطابق نیا چاند 19 مارچ 2026 کو صبح 6 بج کر 23 منٹ (پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم) پر پیدا ہوگا۔ غروبِ آفتاب کے وقت اس کی عمر صرف 12 سے 13 گھنٹے ہوگی جو کہ آنکھ سے دیکھنے کے لیے بہت کم ہے۔
رویتِ ہلال کے اصول کے مطابق چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے تاکہ اسے دیکھا جا سکے۔ اس لیے 29 رمضان 1447 ہجری (19 مارچ) کی شام پاکستان میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی کا آسان ادائیگیوں کے لیے نیا نظام متعارف
اس اعلان کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات کا شیڈول بھی واضح ہو گیا ہے۔ فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق کراچی اور پشاور جیسے بڑے شہروں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ صرف 26 سے 30 منٹ ہوگا جبکہ چاند نظر آنے کے لیے کم از کم 40 منٹ کا وقفہ ضروری ہوتا ہے۔
اس طرح 19 مارچ کو چاند نظر نہ آنے کی صورت میں رمضان المبارک 30 دنوں پر مکمل ہوگا۔ یکم شوال، یعنی عیدالفطر، ہفتہ 21 مارچ 2026 کو منائی جائے گی۔
رویتِ ہلال کمیٹی کے سیکرٹری جنرل کے مطابق اسی تاریخ کو پورے پاکستان میں عیدالفطر منائی جائے گی جبکہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی زونل کمیٹیوں کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کرے گی۔