خوفناک کشتی حادثے میں 60 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ
Nigeria Boat Accident
فائل فوٹو
ابوجا: (ویب ڈیسک) نائیجیریا میں ایک دل دہلا دینے والا کشتی حادثہ کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب 100 سے زائد افراد کو لے جانے والی کشتی ریاست نائیجر کے ضلع ملالے کی بستی تُنگان سُولے سے دوگّا کیلئے روانہ ہوئی۔ راستے میں شمالی وسطی علاقے کے قریب کشتی دریا میں ایک بڑے درخت کے تنے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔

بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد دریا میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے باعث کشتی میں سوار درجنوں مسافر پانی میں جا گرے۔

دوسری جانب اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے کئی مسافروں کو زندہ بچا لیا، تاہم درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مقامی حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، کیونکہ لاپتہ افراد میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دریا میں تیز بہاؤ اور خراب موسم ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیدا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی فوج کا وینزویلا کے جہاز پر حملہ، 11 افراد ہلاک

ذہن نشین رہے کہ نائیجیریا میں کشتی کے حادثات معمول کی بات ہے، خاص طور پر دیہی علاقوں میں جہاں کشتی ہی آمد و رفت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زیادہ مسافروں کو سوار کرنا اور حفاظتی انتظامات کی کمی ان حادثات کی بڑی وجوہات سمجھی جاتی ہیں۔