
نئی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور سابق کپتان بابراعظم کی مزید تنزلی ہو گئی، بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 21 ویں اور محمد رضوان 2 درجے تنزلی کے بعد 22 ویں نمبر پر چلے گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شر ما کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارت کے ہی تلک ورما دوسرے نمبر پر ہیں، انگلش بیٹر فل سالٹ تیسرے جبکہ جوش بٹلر چوتھی پوزیشن پر ہیں، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کا رینکنگ میں پانچویں پوزیشن ہیں۔
پاکستان کے حسن نواز 2 درجے بہتری کے بعد 32 ویں جبکہ صائم ایوب 2 درجے تنزلی کے بعد 40 ویں نمبر پر چلے گئے، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا 18 درجے بہتری کے بعد 59 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا محمد رضوان کی کپتانی سےمتعلق خبروں پر ردعمل آگیا
بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ، انگلش باؤلر عادل رشید دوسرے، ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین تیسرے، بھارت کے ورن چکرورتھی چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا پانچویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے شاہین آفریدی 8 درجے بہتری کے بعد 26 ویں جب کہ حارث رؤف 4 درجے تنزلی کے بعد 28 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔



