پی سی بی کا محمد رضوان کی کپتانی سےمتعلق خبروں پر ردعمل آگیا
Mohammad Rizwan captaincy
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ قومی ٹیم کی ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس میں قیادت کی تبدیلی زیرغور ہے۔

پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں پی سی بی نے واضح کیا کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی شان مسعود سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی واپس لینے کی کوئی بات زیر غور آئی ہے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران مقامی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں زوروں پر تھیں کہ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث جلد ہی قیادت میں تبدیلی کر دی جائے گی۔ اطلاعات تھیں کہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپی جا رہی ہے جبکہ سعود شکیل کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان بنانے کی باتیں بھی سامنے آ رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان کی ون ڈے کپتانی خطرے میں پڑ گئی

پی سی بی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ معاملہ تاحال کسی بھی سلیکشن کمیٹی اجلاس میں زیر بحث نہیں آیا۔ تاہم بورڈ کا یہ کہنا ہے کہ یہ معاملہ ابھی تک زیر غور نہیں آیا، ایک معنی خیز جملہ ہے، جیسا کہ اس سے قبل بھی جیسن گلیسپی کی رخصتی سے متعلق خبروں کو پہلے افواہ قرار دیا گیا لیکن بعد ازاں وہ ٹیم سے علیحدہ ہو گئے۔

فی الحال ایسا لگتا ہے کہ موجودہ کپتان ہی اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت جاری رکھیں گے۔ شان مسعود ٹیسٹ ٹیم اور محمد رضوان ون ڈے ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے جبکہ پاکستان اپنے آئندہ بین الاقوامی دوروں کی تیاری کر رہا ہے۔