محمد رضوان کی ون ڈے کپتانی خطرے میں پڑ گئی
 سلیکشن کمیٹی،ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر اور ٹی 20 کپتان سلمان علی آغاز کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) سلیکشن کمیٹی،ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر اور ٹی 20 کپتان سلمان علی آغاز کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق دبئی جانے سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے )میں کپتانوں کے مستقبل کے حوالے سے اہم میٹنگ ہوئی، ملاقات میں ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی ناقص پرفارمنس زیرِ بحث آئی، ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد رضوان کی ون ڈے کپتانی خطرے میں پڑ گئی ہے جبکہ سلمان علی آغا کو ون ڈے کی کپتانی بھی دیے جانے کا امکان ہے۔

بورڈ ذرائع کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مشاورت کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا بھی نیا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے، ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے سعود شکیل کا نام زیر غور ہے تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا پی ایس ایل پر ڈاکومنٹری بنانے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق سعود شکیل کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ملنے کے بعد جلد بی کیٹیگری میں پرموٹ کرنے کا بھی امکان ہے، کپتانی کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، اگلے ماہ تک نئے کپتانوں کا اعلان متوقع ہے۔

یاد رہے کہ محمد رضوان کو گزشتہ برس بابراعظم کے کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا جبکہ سلمان علی آغا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں سلمان علی آغا کو ٹی 20 کا کپتان بنایا گیا تھا، اس سے پہلے محمد رضوان ٹی 20 اور ون ڈے کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔