
پاکستان سمیت بھارت اور دیگر ممالک کے لاکھوں صارفین نے یہ تبدیلی دیکھی ہے، جس کے بعد موبائل فون پر کال کرتے یا کال موصول ہونے پر انٹرفیس مکمل طور پر مختلف دکھائی دیتا ہے۔
صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس تبدیلی کو پہلے پہل ہیکنگ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے اسے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ سمجھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم اب اس کی اصل حقیقت سامنے آچکی ہے۔
نئی تبدیلی کیا ہے؟
اب اینڈرائیڈ فون کھولنے پر صارفین کو پہلے کی طرح ریسنٹ یا فیورٹس کی آپشنز الگ سے نظر نہیں آئیں گی۔ گوگل نے ان آپشنز کو حذف کرکے انہیں ہوم میں ضم کردیا ہے۔ اس طرح اب کال ایپ میں صرف دو آپشنز موجود ہوں گی: ہوم اور کی پیڈ یعنی ڈائلر، اس نئے ڈیزائن نے انٹرفیس کو زیادہ سادہ اور ہلکا کردیا ہے۔
گوگل نے یہ تبدیلی کیوں کی؟
رپورٹس کے مطابق گوگل نے گزشتہ ماہ مئی میں ہی اس تبدیلی کے حوالے سے اعلان کیا، کمپنی کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ وہ مٹیریل تھری ایکسپریسیو نامی سب سے بڑی اپ ڈیٹس پر کام کر رہی ہے۔ اس اپ ڈیٹ کا بنیادی مقصد صارفین کو زیادہ آسان، تیز اور معلوماتی انٹرفیس فراہم کرنا ہے تاکہ فون کے استعمال کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
مزید تبدیلیاں بھی متوقع
گوگل کے مطابق یہ صرف کال ایپ کی تبدیلی نہیں بلکہ ایک وسیع اپ ڈیٹ ہے۔ آنے والے دنوں میں نوٹیفکیشنز، کلر تھیمز، فوٹوز، جی میل اور واچ جیسی ایپس کے ڈسپلے اور سیٹنگز میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اس سے پہلے اینڈرائیڈ ڈیوائسز مٹیریل یو ڈیزائن پر چل رہی تھیں، جبکہ اب نئے ڈیزائن کو مزید سادہ اور جدید بنانے کیلئے اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔