بنگلا دیش کا پاکستانیوں کو ویزہ فری سفری سہولت دینے کا اعلان
 بنگلا دیش حکومت نے پاکستانی سفارتکاروں اور سرکاری پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزہ فری سفری سہولیات دینے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش حکومت نے پاکستانی سفارتکاروں اور سرکاری پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزہ فری سفری سہولیات دینے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ چند ماہ میں پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، خاص طور پر اگست 2024 میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقا ت میں اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں قائم بنگلا دیش کی عبوری حکومت کی مشاورتی کونسل نے دو طرفہ ویزا استثنیٰ کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے پریس سیکرٹری شفیق الحق عالم نے ڈھاکہ میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان کے ساتھ یہ معاہدہ پانچ سال کے لیے ہوگا، جن افراد کے پاس سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہیں وہ بغیر ویزا سفر کر سکیں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کے تحت پاکستانی حکام کو بھی بنگلہ دیش میں بغیر ویزا داخلے کی سہولت حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نماز جمعہ نہ پڑھنے والوں کو قید و بھاری جرمانے کا اعلان

شفیق الحق عالم نے مزید بتایا کہ بنگلہ دیش کے اس وقت 30 دیگر ممالک کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے موجود ہیں، پاکستان کے ساتھ معاہدے کے بعد ایسے ممالک کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے ہوم ایڈوائزر جہانگیر عالم چودھری اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان بات چیت میں ہوئی تھی، ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا آن ارائیول کے ایم او یو کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا تھا۔

یاد رہے کہ 1971 میں پاکستان سے علیحدگی کے بعد بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان بغیر ویزا داخلے کا سلسلہ معطل کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی بدھ کی شب ڈھاکہ پہنچے، وہ 21 سے 24 اگست تک چار روزہ سرکاری دورے پر وہاں موجود رہیں گے۔ اس دورے کا مقصد دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔