ملائیشیا میں نماز جمعہ نہ پڑھنے والوں کو قید و بھاری جرمانے کا اعلان
 ملائیشیا کی ریاست ترنگگانو میں نماز جمعہ نہ پڑھنے والوں کو قید اور بھاری جرمانے عائد کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
فائل فوٹو
کوالامپور: (ویب ڈیسک) ملائیشیا کی ریاست ترنگگانو میں نماز جمعہ نہ پڑھنے والوں کو قید اور بھاری جرمانے عائد کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا کی قدامت پسند پان ملائیشین اسلامی پارٹی (پی ایس اے) کے زیر انتظام ریاست ترنگگانو میں شرعی عذر کے بغیر نماز جمعہ چھوڑنے والے مردوں کو 2 سال قید اور 3 ہزار رنگٹ (تقریباً 2 لاکھ پاکستانی روپے) کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو شریعت کرمنل آفسنسز ایکٹ کے تحت 2 برس قید کی سزا یا تین ہزار رنگٹ (2 لاکھ روپے پاکستانی روپے) تک جرمانہ یا دونوں میں سے کوئی بھی سزا دی جائے گی۔

ملائیشین میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ ترنگگانو ریاست کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد خلیل عبدالہادی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ صرف ایک بار نماز جمعہ چھوڑنے کو بھی قابل سزا جرم تصور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان حکومت کا حج اخراجات میں بچ جانیوالی رقم حجاج کو واپس کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مساجد پر بینرز لگائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو جمعے کی نماز پڑھنے کی اہمیت کا ادراک ہو سکے اور اس مہم کا آغاز قانون کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نماز چھوڑنے والے افراد کے خلاف کارروائی عوامی رپورٹس یا گشتوں کے ذریعے کی جا ئے گی۔