پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گئی
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہےجس کے بعد انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مارکیٹ میں استحکام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد نمایاں طور پر دیکھنے کو ملا۔

کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس میں 629 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 51 ہزار 220 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ یہ اضافہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں نئی بلندی قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد معاشی پالیسیوں اور مارکیٹ کے مستقبل پر بہتر اندازوں کے باعث بڑھ رہا ہے۔

گزشتہ روز بھی 100 انڈیکس پہلی مرتبہ ایک لاکھ 51 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر کے تاریخ رقم کر چکا تھا۔ مسلسل دو روز سے جاری یہ مثبت رحجان معیشت میں بہتری کے اشارے تصور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید دباؤ کا شکار ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کمی کے بعد 281.95 روپے سے کم ہو کر 281.85 روپے پر آ گئی۔

روپے کی قدر میں بہتری بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید تقویت دے رہی ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج مزید ریکارڈ قائم کر سکتی ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے۔