
پنجاب حکومت نے طلبہ کے لیے مفت لیپ ٹاپ سکیم کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا جس کا مقصد طلبہ کو پنجاب بھر میں ڈیجیٹل لرننگ ٹولز تک رسائی کو مزید توسیع دینا ہے۔
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ مفت لیپ ٹاپس کی تقسیم کا آئندہ ماہ ستمبر سے ہو گا اور میرٹ کو فوقیت دی جائے گی، لیپ ٹاپ سکیم کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مفت لیپ ٹاپ سکیم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح ستمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: عام آدمی کے لیے خاص سواری، مزید 100 الیکٹرک بسیں پاکستان روانہ
واضح رہے کہ لیپ ٹاپ سکیم کے پہلے مرحلے میں صرف صوبائی دارالحکومت لاہور کے طلبہ کو 14 ہزار لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے تھے جبکہ دوسرے مرحلے میں اس سکیم میں توسیع کی جا رہی ہے تاکہ صوبے بھر کے مزید مستحق اور باصلاحیت طلبہ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہونہار نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپس فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ مفت لیپ ٹاپس چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں میرٹ پر تقسیم کیے جائیں گے، یہ لیپ ٹاپ سود پر مبنی قرضوں کے ذریعے لیپ ٹاپ کی سکیم کے علاوہ ہوں گے۔