
اس منصوبے کے تحت شنگھائی سی پورٹ سے مزید 100 جدید ترین الیکٹرک بسیں پاکستان کے لیے روانہ ہو چکی ہیں جو چند ہفتوں میں پنجاب پہنچ جائیں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عوام کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے ذریعے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ ان بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے تاکہ عام شہریوں کو سستی اور آرام دہ سفری سہولت میسر ہو۔
علاوہ ازیں، یہ بسیں نہ صرف مکمل ایئر کنڈیشنڈ ہوں گی بلکہ ان میں اندرونی ماحول کو کنٹرول کرنے کا نظام بھی موجود ہوگا۔ خواتین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر بس میں جدید سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ ہراسانی جیسے مسائل کا سدباب کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، اسلام آباد موٹروے (ایم۔2) پر ٹول ٹیکس میں اضافہ
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دسمبر 2025 تک پنجاب کے ہر ضلع میں یہ الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی جو صوبے کے عوام کے لیے ایک اہم سہولت اور ماحول دوست قدم ہوگا۔
واضح رہے کہ اس جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سے نہ صرف شہریوں کو آرامدہ سفر میسر آئے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔