امریکی فوج کا وینزویلا کے جہاز پر حملہ، 11 افراد ہلاک
US Military Attack
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی فوج نے وینزویلا سے نکلنے والے ایک جہاز پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی حکام کے مطابق نشانہ بنایا گیا جہاز منشیات سے بھرا ہوا تھا جو کیریبئن سمندر کے راستے امریکا اور دیگر ممالک کی طرف جا رہا تھا۔

امریکی صدر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوجی کارروائی کا مقصد منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہے، امریکا خطے کو منشیات کی اسمگلنگ سے پاک کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ وینزویلا سے منشیات کی اسمگلنگ طویل عرصے سے امریکا اور ہمسایہ ممالک کیلئے بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے۔

ان کے بقول اس کارروائی کا پیغام واضح ہے کہ امریکا خطے میں جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو برداشت نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ امریکا نے حال ہی میں کیریبئن خطے میں اپنی بحریہ کے بیڑے تعینات کیے ہیں تاکہ منشیات کی ترسیل کو روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی اور عراقی کمپنیوں نے بھارت کو تیل کی سپلائی بند کردی

 

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ وینزویلا پہلے ہی امریکی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتا آیا ہے۔

بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور وینزویلا کے درمیان تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو سکتے ہیں، اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ یقینی ہے۔