
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس ہولناک آفت میں 250 افراد جاں بحق جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی صرف 8 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا، جبکہ تقریباً 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا آفٹر شاک بھی اسی علاقے میں محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ زلزلے کے باعث شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور عام شہری متاثرہ خاندانوں کی مدد میں مصروف ہیں جبکہ قریبی صوبوں اور مرکزی حکومت سے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔ ریسکیو اور بحالی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ
خیال رہے کہ زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، جن میں اسلام آباد، لاہور، پشاور، مردان، چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ شامل ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پاکستان میں زلزلے کی شدت 6 اور گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ مرکز افغانستان کے جنوب مشرقی علاقے میں تھا۔



