
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مغربی مصر میں اس وقت پیش آیا جب صوبہ متروح سے دارالحکومت قاہرہ جانے والی مسافر ٹرین اچانک پٹری سے اتر گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے دوران ٹرین کی 7 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جن میں سے دو بوگیاں مکمل طور پر الٹ گئیں، جس کے نتیجے میں بڑا جانی نقصان ہوا۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس افسوسناک حادثے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 94 سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی بڑی تعداد کو آپریشن اور ایمرجنسی وارڈز میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ فنی خرابی یا ٹریک میں تکنیکی مسئلہ ہوسکتا ہے، تاہم حتمی رپورٹ تحقیقاتی کمیٹی کے بعد سامنے آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی موت سے متعلق افواہوں نے کھلبلی مچا دی
خیال رہے کہ مصر میں ٹرین حادثات معمول کا حصہ بن چکے ہیں، جہاں پرانی ریلوے لائنیں اور ناقص انفراسٹرکچر بارہا قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتا رہا ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔



