ٹرمپ کی موت سے متعلق افواہوں نے کھلبلی مچا دی
Donald Trump death rumors
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جھوٹی افواہوں نے دنیا بھر میں ہلچل مچا دی۔

یہ افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب وائٹ ہاؤس کی آفیشل لائیو اسٹریم میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث ایک پیغام نمودار ہوا جس میں لکھا تھا کہ ساتھ رہیں، ہم جلد ہی دوبارہ لائیو ہوں گے۔

چند لمحوں کے اس پیغام نے صارفین کو مزید تجسس میں ڈال دیا اور سوشل میڈیا پر افواہیں جنگل کی آگ کی طرح پھیلتی گئیں۔

ٹرمپ کے معمول کے عوامی شیڈول سے غیر حاضری نے بھی قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی۔ خاص طور پر ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹرمپ کی موت سے متعلق ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ بن گئے، جہاں لاکھوں صارفین نے مختلف دعوے اور قیاس آرائیاں کرنا شروع کر دیں۔

اسی دوران ایک جعلی ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا پر مزید سنسنی پھیلا دی، جسے دی سمپسنز کارٹون سیریز کا حصہ قرار دیا گیا۔ اس ویڈیو میں مبینہ طور پر صدر ٹرمپ کی موت کی پیشگوئی دکھائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ مودی تعلقات کیوں خراب ہوئے، کہانی سامنے آگئی

 

 

 

انسٹاگرام پر یہ کلپ 25 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی گئی اور بعد ازاں ایکس پر بھی تیزی سے وائرل ہوگئی۔ تاہم دی سمپسنز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر میٹ سیلمن نے وضاحت کی کہ یہ فوٹیج مکمل طور پر جعلی یا مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ہے۔

علاوہ ازیں نائب صدر جے ڈی وینس کے ایک انٹرویو کے بیان کو بھی سیاق و سباق سے ہٹا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دیا گیا جو بعد میں وائرل ہوگیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ مر جائیں تو میں ذمہ داری سنبھالنے کیلئے تیار ہوں۔ یہ دراصل صدارتی جانشینی سے متعلق ایک عام بات تھی، لیکن صارفین نے اسے یا تو سلپ آف ٹنگ یا پھر پیشگی اشارہ قرار دیا۔