
ایوانِ شاہی کی جانب سے جاری بیان میں شہزادی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ نقصان نہ صرف شاہی خاندان بلکہ تمام سعودی عوام کے لیے دکھ اور افسوس کا باعث ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج جمعرات کی شام نمازِ مغرب کے بعد مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں ادا کی گئی جس میں شاہی خاندان کے افراد سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات اور عام شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد مرحومہ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ایوانِ شاہی نے شہزادہ فہد بن مقرن بن عبدالعزیز آل سعود سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا ملک دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، ایوان نے مرحومہ کے اہل خانہ کے صبر اور حوصلے کے لیے بھی دعا کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کسی بھی شاہی شخصیت کے انتقال پر قومی سطح پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جاتا ہے اور عام شہری بھی ایوانِ شاہی کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہیں، اس موقع پر سوشل میڈیا پر بھی عوام کی جانب سے شہزادہ فہد اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ سانحہ سعودی شاہی خاندان کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے جس پر ہر سطح پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



