دبئی کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گئی
پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی شام دبئی کا منظر ایک یادگار لمحے میں بدل گیا جب دنیا کی سب سے بلند عمارت ’برج خلیفہ‘ پاکستانی پرچم کے سبز و سفید رنگوں سے جگمگا اُٹھی۔
پاکستان کے یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچموں سے مزین برج خلیفہ
دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی شام دبئی کا منظر ایک یادگار لمحے میں بدل گیا جب دنیا کی سب سے بلند عمارت ’برج خلیفہ‘ پاکستانی پرچم کے سبز و سفید رنگوں سے جگمگا اُٹھی۔

پاکستان کی آزادی کی خوشیاں سرحدوں کو عبور کر کے آسمان کی بلندیوں سے باتیں کرنے لگیں، پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر برج خلیفہ بھی پاکستانی پرچم کی روشنیوں کے رنگوں میں رنگ گئی۔

ہزاروں پاکستانی اور دیگر قومیتوں کے افراد اس حسین منظر کو دیکھنے کے لیے برج خلیفہ کے سامنے موجود تھے، جیسے ہی عمارت نے سبز ہلالی پرچم اوڑھا دبئی کی فضائیں ’پاکستان زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اُٹھیں۔

اس موقع پر قومی ترانوں کی دھن نے ایسا سماں باندھا کہ ہر دل دھڑک اٹھا اور ہر چہرہ خوشی سے کھل اٹھا،تقریب میں شریک بچوں نے سبز و سفید لباس زیب تن کر رکھے تھے، خواتین نے سبز و سفید چوڑیاں اور دوپٹے پہنے تھے جبکہ مرد ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔

یہ دلکش نظارہ نہ صرف متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بلکہ دنیا بھر کے رہنے والے پاکستانیوں کے لیے فخر کا لمحہ تھا، ماحول میں خوشی، اتحاد اور وطن سے محبت کی خوشبو رچی بسی تھی، آتش بازی نے اس جشن کو مزید یادگار بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بیلا روس میں 10 ہزار پاکستانیوں کیلئے نوکریوں کا سنہری موقع

شرکاء کا کہنا تھا کہ آزادی کی اصل قدر پردیس میں رہ کر محسوس ہوتی ہے کیونکہ یہاں وطن کی یاد اور محبت مزید بھی بڑھ جاتی ہے۔

برج خلیفہ پر سبز ہلالی پرچم کی یہ روشنی پاکستانی قوم کے اتحاد، عزم اور شناخت کا استعارہ ہے جو دنیا کے ہر کونے میں بسنے والے پاکستانی کے دل میں روشن رہتا ہے، یہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ اس بات کا اعلان تھا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں، ایک جذبہ ہے جو ہر دل میں دھڑکتا ہے۔