
چین نے ان شعبوں میں دلچسپی اور مہارت رکھنے والے غیر ملکی ماہرین کیلئے ایک نئی ویزا کیٹیگری کے ویزا (K Visa) کا اعلان کر دیا، جو 1 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم لی کیانگ نے غیر ملکی نوجوانوں کے داخلے اور اخراج سے متعلق ضوابط میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے اسٹیٹ کونسل کے حکم نامے پر دستخط کیے۔ کے ویزا کو وزارت انصاف، وزارت خارجہ، وزارت پبلک سکیورٹی اور نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
ذہن نشین رہے کہ یہ ویزا ان نوجوانوں کیلئے مخصوص ہوگا جنہوں نے کسی نامور یونیورسٹی یا تحقیقی ادارے سے بیچلر یا اس سے اعلیٰ ڈگری حاصل کر رکھی ہو اور وہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ یا ریاضی کے شعبوں میں پیشہ ورانہ مہارت رکھتے ہوں۔
کے ویزا رکھنے والے افراد کو چین میں تعلیم، تحقیقی سرگرمیوں، سائنس و ٹیکنالوجی منصوبوں اور ثقافتی تبادلوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:کویت،اہلخانہ کو وزٹ ویزے پر بلانے کیلئے اہم شرط ختم
حکام کے مطابق اس نئی کیٹیگری سے دنیا بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کو چین میں جدید سائنسی منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں حصہ لینے کے مزید مواقع فراہم ہوں گے۔ ویزا ہولڈرز کو داخلے کی تعداد، قیام کی مدت اور دیگر سہولیات کے حوالے سے موجودہ ویزا اقسام کے مقابلے میں زیادہ آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چین میں ویزا کی 12 اقسام موجود تھیں جن میں سیاحت کیلئے ایل ویزا (L Visa)، مستقل رہائش کیلئے ڈی ویزا (D Visa) اور ٹرانزٹ کیلئے جی ویزا (G Visa) شامل ہیں۔ کے ویزا اس فہرست میں ایک اہم اضافہ ہوگا، جبکہ اس کی اہلیت کے مزید معیار جلد جاری کیے جائیں گے۔