عراق میں کلورین گیس کا اخراج، 600 سے زائد زائرین اسپتال منتقل
chlorine gas leak
فائیل فوٹو
عراق میں کلورین گیس کے اخراج سے 600 سے زائد زائرین متاثر ہوئے سب کو طبی امداد دے کر صحت یاب کر لیا گیا۔

عراقی حکام کے مطابق، کلورین گیس کے اخراج کے باعث 600 سے زائد زائرین کو سانس کی تکلیف کے باعث عارضی طور پر اسپتال میں داخل کیا گیا۔

یہ واقعہ رات کے وقت نجف اور کربلا کے درمیان اُس راستے پر پیش آیا جو زائرین کے لیے مخصوص ہے۔

واضح رہے کہ اس سال کئی ملین زائرین کربلا کا رخ کر رہے ہیں جہاں امام حسین اور ان کے بھائی حضرت عباس کے مزارات موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان امن معاہدہ کروا دیا

عراق کی وزارت صحت نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ کلورین گیس کے اخراج کے بعد کربلا میں دم گھٹنے کے 621 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ تمام مریضوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی گئی اور وہ صحتیاب ہو کر اسپتال سے رخصت ہو چکے ہیں۔

 زائرین کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز نے بتایا کہ یہ واقعہ کربلا-نجف روڈ پر ایک واٹر اسٹیشن سے کلورین گیس کے اخراج کے باعث پیش آیا۔

عراق میں دہائیوں کی جنگ، اندرونی تنازعات اور بدعنوانی کے باعث انفراسٹرکچر خستہ حالی کا شکار ہےاور اکثر حفاظتی معیار کی پابندی نہیں کی جاتی۔