
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ فروخت کر کے منافع بھی کما رہا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ بھارت کو یوکرین میں جاری جنگ اور ہلاکتوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے، بھارتی مصنوعات کی امریکا درآمد پر ڈیوٹی میں بڑا اضافہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کی جانب سے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے بھارت پر ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا، ٹیرف ادا نہ کرنے کی صورت میں بھارت کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا مودی کو جھٹکا، بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے امریکا کا دوست ہونے کے باوجود ہم سے کم کاروبار کیا، بھارت دنیا میں سب زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے مگر ہمیں کم دیتا تھا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ فوجی سازوسامان کے بڑے سودے امریکا کے بجائے روس سے کیے، بھارت چین کے ساتھ ساتھ روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا تھا کہ اب بھارت کو ٹیرف کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا جس کا نفاذ یکم اگست 2025 سے ہو گا، بھارت کی تجارتی رکاوٹیں بھی سخت ترین اور ناپسندیدہ ہیں۔