
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے باضابطہ طور پر ایسے تمام افراد کے لیے رعایتی مدت میں توسیع کر دی ہے جن کے وزٹ ویزے کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ انہیں ملک چھوڑنے کا ایک آخری موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ جرمانے یا قانونی کارروائی کے بغیر روانہ ہو سکیں۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ کے مطابق یہ توسیعی مدت 26 جولائی 2025 سے شروع ہو کر 30 دن تک جاری رہے گی۔
یہ فیصلہ گزشتہ ماہ ہجری نئے سال کے آغاز کے موقع پر کیا گیا تھا جس کا مقصد ویزے کی مدت سے تجاوز کرنے والے افراد کو قانونی مسائل کے بغیر ملک سے روانگی کا موقع فراہم کرنا تھا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ توسیع تمام اقسام کے ختم شدہ وزٹ ویزوں پر لاگو ہوگی۔
مزیدبرآں اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے افراد کو موجودہ قوانین کے مطابق تمام واجب الادا رقم یا جرمانے ادا کرنے ہوں گے۔ وہ وزارتِ داخلہ کے "ابشر" آن لائن پلیٹ فارم پر دستیاب "تواصل" سروس کے ذریعے "فائنل ایگزٹ" کی درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ عمل ڈیجیٹل اور تیز تر ہے تاکہ لوگوں کو دفتر جا کر کارروائی کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: حج اخراجات کی وصولی کی تاریخ جاری
حکام نے تمام اہل افراد پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہلت سے فائدہ اٹھائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی، جرمانے یا سفری پابندیاں لگ سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس اقدام کو ایک انسانی ہمدردی پر مبنی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے جو ایسے خاندانوں اور مزدوروں کے لیے ریلیف کا باعث ہے جو ویزا ختم ہونے کے باعث پھنس گئے تھے اور اب انہیں باعزت طریقے سے واپسی کا موقع دیا گیا ہے۔