
تفصیلات کے مطابق یہ اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پہلی قسط کی رقم تقریباً پانچ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جو اگست میں وصول کی جائے گی۔ اس عمل کو "پہلے آئیے، پہلے پائیے" کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔
حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی واجبات کی وصولی روک دی جائے گی۔ صرف وہی افراد حج اخراجات جمع کروانے کے اہل ہوں گے جنہوں نے باقاعدہ رجسٹریشن کروا رکھی ہے۔ مزید وصولی دستیاب کوٹے کی حد تک ہی کی جائے گی تاکہ شفافیت اور نظم برقرار رکھا جا سکے۔
مزیدبرآں حج اخراجات وزارت مذہبی امور کے منظور شدہ بینکوں میں جمع کروائے جا سکیں گے جن کی فہرست جلد جاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں جدید الیکٹرک ٹرام کا روٹ سامنے آگیا
اب تک کی اطلاعات کے مطابق حج 2026 کے لیے ساڑھے چار لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے رجسٹریشن کروا لی ہے جبکہ پاکستان کا سرکاری و نجی حج اسکیم کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر حج کوٹہ 2 لاکھ 30 ہزار کرنے کی خواہش رکھتا ہے اور اس ضمن میں سعودی حکام سے رابطے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ حج کے لاکھوں خواہش مند افراد کے لیے اہم پیش رفت ہے اور وزارت مذہبی امور جلد باضابطہ شیڈول اور طریقہ کار کا اعلان کرے گی۔