ٹرمپ کی روس کو یوکرین جنگ ختم کرنے کیلئے نئی ڈیڈلائن
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے لئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو نئی ڈیڈلائن دے دی۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے لئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو نئی ڈیڈلائن دے دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر روس اقتصادی پابندیوں سے بچنا چاہتا ہے تو 50 دن کے اندر یوکرین جنگ ختم کردے،اگر 50 دن میں امن معاہدہ نہ ہوا تو روس پر خطرناک ٹیرف عائد کردئیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ جنگ بندی نہ ہونے کی صورت میں روس پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کیا جاسکتاہے،ٹیرف کے ساتھ روس پر تیل سمیت دیگر توانائی ذرائع پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کا بھارت پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ امریکا یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گا تاکہ وہ روسی حملوں کا مقابلہ کر سکے، ہم یوکرین کو پیٹریاٹ دفاعی سسٹم بھیجیں گے، جن کی انہیں اشد ضرورت ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا یوکرین کو یہ ہتھیار ایک نئے معاہدے کے تحت بھیجے گا جس کے تحت کچھ ہتھیاروں کی قیمت کی ادائیگی نیٹو امریکا کو کرے گا، روسی صدر باتیں اچھی کرتے ہیں لیکن بمباری بھی کرتے ہیں، ہمیں یہ رویہ پسند نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کو کتنے سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، حالانکہ صرف 2 ہفتے قبل امریکا نے یوکرین کو اسلحہ فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی تھی۔