انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، شدت 7 ریکارڈ
Indonesia earthquake
فائل فوٹو
جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے مشرقی جزیرے تانمبار میں پیر کی شب 7 شدت کا شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلے کا مرکز سمندر میں تھا اور اس کی گہرائی امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق 65 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

ملائیشین زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 49 منٹ پر آیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز سطح زمین سے 10 کلومیٹر نیچے تھا۔

زلزلے کے باعث تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی افراد گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر جمع ہوگئے۔ مقامی حکام اور ریسکیو ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یو ایس جی ایس اور دیگر متعلقہ اداروں نے فی الحال سونامی وارننگ جاری نہیں کی، جس سے بڑی تباہی کے خطرات وقتی طور پر ٹل گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لندن: مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

 

 

ماہرین کا کہنا ہے چونکہ زلزلے کا مرکز سمندر میں تھا، اس لیے سونامی کے امکانات موجود تھے، لیکن گہرائی زیادہ ہونے کے باعث خطرہ کم ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار مختلف مقامات پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس نے خطے میں زلزلہ کے خطرات پر سوال اٹھا دیے ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور ہنگامی صورتحال میں مقامی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔